نئی دہلی ۔ 10 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس کے لیجنڈ کھلاڑی وجئے امریت راج نے آج اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کے مقام سوچی میں رواں گیمس کے دوران ہندوستانی ایتھلیٹس کو قومی پرچم ترنگا کے تلے مظاہرہ کرنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ سوچی گیمس میں ہندوستانی پرچم کی عدم موجودگی دراصل انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او سی) پر پابندی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان کے تین ایتھلیٹس نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے جھنڈے تلے مظاہرے کر رہے ہیں۔ امریت راج نے یہاں چار روزہ کانفرنس بعنوان ’’نیکسٹ اسٹیپ 2014‘‘کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی مایوس کن ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی اپنے قومی پرچم تلے مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ اختتامی تقریب میں قومی کھلاڑی ترنگا تلے ملک کی نمائندگی کر پائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ہمیشہ ترنگا کے تلے ہی مظاہرہ کیا ہے اور جہاں بھی میں موجود رہا وہاں قومی ترانہ بھی گایا گیا اور اس سے بڑھ کر کسی کھلاڑی کیلئے فخر کا لمحہ نہیں ہوتا۔