وارناسی 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سوچھ بھارت مہم میں حصہ لینے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے حلقہ کا دورہ کیا اور آسی گھاٹ کی صفائی میں مدد کرنے کے لئے عوام کی زبردست ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس تاریخی گھاٹ کی صفائی کے لئے عوام نے جو کوشش کی ہے وہ قابل قدر ہے۔ مندروں کے شہر وارناسی میں یوم اچھی حکمرانی کی علامت کے طور پر اُنھوں نے صاف صفائی مہم کا جائزہ لیا اور مختلف افراد اور تنظیموں کو نامزد کرتے ہوئے گاندھی جینتی کے موقع پر شروع کردہ سوچھ بھارت مہم میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔ نریندر مودی نے 8 نومبر کو آسی گھاٹ کے کوڑا کرکٹ کو صاف کرنے کے لئے مہم چلائی تھی۔ اِس کے علاوہ دریائے گنگا کے ایک حصہ کو صاف ستھرا بنانے کیلئے بھی مہم شروع کی گئی تھی۔ نریندر مودی نے آسی گھاٹ پر اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ عوام، سیاسی جماعتوں اور میونسپل کارپوریشن کے علاوہ ریاستی حکومت کی مدد سے صفائی میں اہم رول ادا کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ناگالینڈ کے گورنر پدمنابھ آچاریہ اور سابق آئی پی ایس عہدیدار اور سماجی کارکن کرن بیدی، سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سورو گنگولی، کامیڈین کپل شرما کو بھی اِس مہم کے لئے نامزد کیا ہے۔ اِس ٹیم میں کلاسیکی رقاص سونال مان سنگھ، رامو جی راؤ، فینڈو گروپ اور انڈیا ٹوڈے گروپ کے ارون پوری کو بھی نامزد کیا ہے۔ اُنھوں نے بعض دیگر تنظیموں کو بھی نامزد کیا تھا جنھوں نے سوچھ بھارت مہم میں حصہ لیتے ہوئے صفائی انجام دی تھی۔ ممبئی کے ڈبہ والے کے علاوہ لاکھوں عوام نے بھی صفائی مہم میں حصہ لیا ہے۔نریندر مودی نے اپنے لوک سبھا حلقہ وارناسی میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر یوم اچھی حکمرانی منائی۔