سوچھ بھارت مشن پر ڈاک ٹکٹ جاری

نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے سوچھ بھارت مشن پر ایک ڈاک ٹکٹ کو جاری کیا ہے۔ وزیر مواصلات و آئی ٹی روی شنکر پرساد، وزیر شہری ترقی وینکیا نائیڈو اور وزیر دیہی ترقی چودھری بریندر سنگھ نے اس ٹکٹ کی رسم اجراء انجام دی۔ اس ڈاک ٹکٹ کواسمارٹ سٹیز پر تیار ہونے والے منصوبوں کے درمیان جاری کیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات کو ڈاک ٹکٹ کیلئے 9000 ڈیزائنس موصول ہوئے تھے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس اسٹامپس کو بچوں نے تیار کیا ہے۔ اگر ہم ان بچوں کو اس طرح کی کوششوں میں مصروف کرکے ان کے حوصلے بڑھائیں گے تو وہ اپنے اطراف و اکناف کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے مشن کا حصہ بن جائیں گے۔

ناتھو رام گوڈسے کی ستائش قابل مذمت
ممبئی ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر آج انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ اپوزیشن کانگریس اور این سی پی نے قومی یکجہتی کیلئے گاندھی جی کے اصولوں کی پاسداری کا عہد کیا ہے ۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ بابائے قوم باپو جی کی برسی کے موقع پر خراج پیش کرتا ہوں ۔ تاہم این سی پی نے منترالیم کے قریب مجسمہ گاندھی تک ایک خاموش جلوس نکالا اور گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی ستائش کی مذمت کی گئی ۔