سوچھ بھارت ترانہ ‘ سچن تنڈولکر نے بھی آواز دی

نئی دہلی 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق کرکٹر سچن تنڈولکر نے سوچھ بھارت ترانہ کیلئے اپنی آواز پیش کی ہے ۔ یہ پروگرام مرکزی حکومت نے صفائی پر توجہ دینے کیلئے شروع کیا تھا ۔ یہ ترانہ شنکر مہادیون اور دوسروں نے گایا ہے جس میں خود سچن تنڈولکر نے بھی آواز دی ہے ۔ اس کیلئے موسیقی شنکر مہادیون ‘ احسان اور لوئے نے تیار کی ہے ۔ اس ترانہ کو 2 اکٹوبر کو جاری کیا جائیگا جبکہ اس مہم کا ایک سال مکمل ہوگا ۔ یہ مہم ایک سال قبل گاندھی جی کے یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے شروع کی تھی ۔ وزارت شہری ترقیات کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کئی اہم شخصیتوں نے اس ترانہ میں شمولیت اختیار کی ہے اور وہ شہریوں پر زور دینا چاہتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو صاف بنانے کیلئے آگے آئیں اور دوسروں میں بھی سا کا جذبہ پیدا کریں۔ اس پروگرام کا ترانہ گیت کار پراسون جوشی نے تحریر کیا ہے اور اس پر ایک ویڈیو مکیش بھٹ تیار کر رہے ہیں۔