سوچھ بھارت ابھیان کے خلاف راہول کے بیان پر تنقید : جاوڈیکر

نئی دہلی۔/14نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر ماحولیات پرکاش جاواڈیکر نے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کو سوچھ بھارت ابھیان کے خلاف بیان دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اس پروگرام کے تحت ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی سوچ اور عادتوں کو تبدیل کرنا ہے۔ جب ملک صاف ستھرا ہوتا تو ذہن بھی صاف ستھرا ہوگا۔ اسے ہم بدعنوانی کے خلاف لڑائی کا آغاز بھی کہہ سکتے ہیں۔اگر راہول گاندھی یہ سب باتیں نہیں سمجھ سکتے تو بھلا کوئی کیا کرسکتا ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جاواڈیکر نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانے کیلئے سوچھ بھارت ابھیان وزیراعظم کا ہتھیار ہے۔ بس آس پاس کے ماحول، مکانات، سڑکیں وغیرہ اگر صاف رکھی جائیں تو اس میں مضائقہ کیا ہے۔ موثر آبی سربراہی اور ڈرینج کی صاف صفائی بھی ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ جواہر لال نہرو کی 125 ویں یوم پیدائش کی ایک تقریب سے خطاب میں راہول نے سوچھ بھارت ابھیان کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے اسے ’ تصویریں کھینچنے کا موقع ‘ قرار دیا تھا ۔