بلاویو۔21 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے خلاف سیریز میں رنز کے ڈھیر اور خاص طور پر چوتھے ون ڈے میں ریکارڈ ساز اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے کہا کہ سنچری کا منصوبہ کرکے آیا تھا لیکن 200 رنز کا سوچا نہیں تھا۔ میڈیا سے بات چیت میں بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے مزید کہا کہ جب کرکٹ شروع کی تو صرف ایک بین الاقوامی میچ کھیلنے کا سوچا تھا۔ سعید انور جیسے بڑے کرکٹر کا ریکارڈ توڑنا اعزاز کی بات ہے، کرکٹ شروع کی تو کبھی خیال میں نہیں تھا کہ یہ اعزاز میرے حصے میں آجائے گا۔ بیٹنگ کے دوران امام الحق نے اچھا ساتھ دیا، ریکارڈ بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ ریکارڈ ساز اننگز اپنے دوستوں اور این سی اے اسٹاف کے نام کرتا ہوں۔ دوسری جانب سنچری بنانے والے امام الحق نے کہا کہ فخر کو چند میچوں کے بعد وہ ریکارڈ مل گیا جس میں کرکٹرز کو برسوں لگ جاتے ہیں، فخر زمان پاکستان کا ایسا کھلاڑی ہے جو ورلڈکپ میں کامیابی دلواسکتا۔