سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا رجحان

حیدرآباد /5 مئی ( سیاست نیوز ) سماج کے ہر طبقہ میں سونا کافی مقبولیت اور سرمایہ کاری کا آسان اور محفوظ ذریعہ تصور کیا جاتا ہے ۔ سونے کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے شہری سونے پر سرمایہ کاری کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔ لیکن اب شہریوں کو شائد اپنی سوچ بدلنی ہوگی ۔ چونکہ سونے کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں ؟؟ اور سرمایہ کاری سے قبل سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا ہوگا اور عالمی بازار پر نظر رکھنی پڑے گی ۔ چونکہ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ کے آخر تک سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔ایک اندازہ کے مطابق عالمی بازار کے بڑھتے اتار چڑھاؤ کے مطابق امکان ہے کہ سونے کی قیمت فی تولہ 500 روپئے کم از کم کمی ہوسکتی ہے ۔ شائد قیمت میں مزید اور کمی واقع ہونے کے امکانات ہیں ۔ سونے کی قیمت کا دارومدار ہندوستانی روپئے کی عالمی مارکٹ میں مضبوط گرفت پر منحصر ہے ۔ ان دنوں ہندوستانی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلہ میں مضبوط ہے اور اگر اسی طرح سے یہ مضبوطی جاری رہی تو امکان ہے کہ سونے کی قیمتیں کم ہوں گی ۔ جب طلب میں کمی ہوتی ہے تو پھر قیمتوں میں بھی کمی کے قوی امکانات ہیں اور اس موقع سے سرمایہ دار اور شادی بیاہ تقریب اور دیگر تقاریب و مصروفیت میں سونا خریدنے والے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ دولت مند ملک امریکہ میں معاشی مضبوطی کی پیش قیاسی جبکہ اب تک کی جارہی ہے اگر یہ درست ثابت ہوتی ہے تو لوگ سونے میں اپنا سرمایہ مشغول کردیں ۔ جس کے سبب طلب میں کمی سے قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوگی ۔ امریکہ نے اس جانب اقدامات بھی کردئے ہیں اور شرح سود میں اضافہ کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ جس سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ امریکہ کے ڈالر کی قدر کو تقویت حاصل ہوگی جس سے سونے کی قدر ڈالر سے کم ہوجائے گی اور جس کے سبب سونا سستا ہوجائے گا ۔ ہندوستان میں 8 ٹن سونا ہر سال درآمد کیا جاتا ہے۔ اگر ہندوستانی روپئے کی قدر مضبوط رہتی ہے تو ڈالر کی قدر کی بہ نسبت سونے کی قیمت میں 500 روپئے فی تولہ کمی واقع ہوسکتی ہے ۔ ماہرین معاشیات اور ماہرین سرمایہ کاری کا مشورہ ہے کہ قیمتوں میں کمی کے بعد میں سونے کی خریداری میں عقلمندی ہے چونکہ اگر امریکہ شرح سود میں اضافہ کرتا ہے تو ہندوستان زیادہ دن تک روپئے کو مضبوط نہیں رکھ سکتا جس سے ڈالر کی قدر واپس بڑھ جائے گی ۔ ہندوستان کی مارکٹ میں فی تولہ سونے کی موجودہ قیمت 26,900 سے 27 ہزار روپئے کے درمیان ہے ۔