شمس آباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں سونے کی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہی جارہا ہے ۔ کسٹمس عہدیداروں کی جانب سے عوام سے اپیل بھی کی گئی تھی کہ نامعلوم افراد کے پارسل کی آمد و رفت نہ کریں جس میں اکثر عوام دھوکہ کھا جاتے ہیں پارسل میں سونے کے بسکٹ ہونے سے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اپیل کرنے کے باوجود مسلسل سونے کی اسمگلنگ جاری تھی جس پر ڈی آر آئی عہدیداروں نے ایک خصوصی آپریشن بھی شروع کیا تھا جس کے تحت کل دبئی سے آنے والے ایک شخص کے پاس سے آٹھ کیلو سونے کے بسکٹس برآمد ہوئے ۔ جس پر ڈی آر آئی عہدیداروں نے اسمگلنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے تفتیش کرنے پر اور ایک ایجنسی سے معلومات وصول ہوئیں کہ سونے کی اسمگلنگ میں GMR اسٹاف کے چند افراد بھی شامل ہیں جس پر فوراً کارروائی کرتے ہوئے ڈی آر آئی عہدیداروں نے GMR اسٹاف کے دو عہدیداروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ GHIAL کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ ہمارے لیے بہت ہی شرمندگی والا ہے ۔ ممنوعہ سونے کی اسمگلنگ کرنے والوں کا ساتھ دینے پر جی ایم آر ادارہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گا ۔ دونوں اسٹاف ممبرس کو فوراً نوکری سے برخاست کردیاگیا ۔ دونوں کو DRI عہدیداروں نے اپنی تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کررہے ہیں ۔ GHIAL ترجمان نے بتایا کہ غیر قانونی کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے اور ڈی آر آئی عہدیداروں کو وہ مکمل تعاون کریں گے جس سے آئندہ سونے کی اسمگلنگ کو روکا جاسکے ۔۔