سونیا گاندھی کے عزم مصمم کی بدولت تلنگانہ کی تشکیل

جلسہ اظہارتشکر سے سابق وزیر ڈاکٹر گیتاریڈی کا خطاب

ظہیرآباد ۔ 4 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر بھاری مصنوعات ڈاکٹر جے گیتاریڈی نے یہاں شٹکار فنکشن ہال میں منعقدہ جلسہ اظہارتشکر کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کیلئے سونیا گاندھی سے اظہارتشکر کا حق اسی صورت میں پورا ہوگا جبکہ تلنگانہ کے عوام عنقریب منعقد شدنی انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے عزم مصمم کے آگے تلنگانہ مخالفین کے سارے ہتھکنڈے ناکام ہوگئے اور آخرکار گذشتہ 60 برسوں سے جاری تلنگانہ عوام کی جدوجہد رنگ لائی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی عوام سے جو بھی وعدہ کرتی ہیں، وہ اسے پورا کرکے ہی دم لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد گنگاجمنی تہذیب کا گہوارہ ہے اور اس کے عوام کی بے پناہ چاہت، اس حلقہ کے رکن اسمبلی کو چین سے سونے دینے کے بجائے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کی جانب راغب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کئی ایک ترقیاتی کام انجام دیئے گئے۔ اگرچیکہ یہ کام عوام کی توقعات سے زیادہ ہوسکتے ہیں لیکن یہ میری توقعات سے کم ہی ہیں۔ دیگر قائدین ایم جے پال ریڈی صدرنشین ڈی سی سی بینکس، محمد مبین احمد، نیالکل سرینواس ریڈی، اروند ریڈی، محمد خواجہ میاں، دھناسری، سرینواس ریڈی،

منکال سبھاش، بی ستیش، محمد جہانگیر، ڈاکٹر چندرشیکھر، سامل اور دوسروں نے بھی مخاطب کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے پر سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور وزیراعظم منموہن سنگھ سے اظہارتشکر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جے گیتاریڈی کے شوہر ڈاکٹر رامچندر ریڈی، بیٹی میگھناریڈی، داماد سدھیر ریڈی، سینئر قائد ایس کانتاریڈی، سرسوتی ریڈی، رمادیوی، طاہرہ بیگم، محمد جعفر، ایم اے علیم، نلا پرتاپ ریڈی، شنکر، اختر حسین، محمد منیرالدین، عبدالشکور، محمد شمشیر علی کے بشمول حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے چاروں منڈلوں سے آئے ہوئے پارٹی کے سینکڑوں حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں ڈاکٹر گیتاریڈی کی زیرقیادت ایک زبردست فتح جلوس نکالا گیا جو گارڈن فیملی دھابہ سے برآمد ہوکر میونسپلٹی کی اہم سڑکوں سے گذرتا ہوا شٹکار فنکشن ہال پہنچ کر جلسہ اظہارتشکر میں تبدیل ہوگیا۔ جلوس کے دوران زبردست آتشبازی کی گئی۔ موسیقی ریز رقص کے مظاہرے کئے گئے۔ بونال اور بتکماں کی بھی جھلکیاں پیش کی گئیں۔ فتح جلوس میں ڈاکٹر گیتاریڈی دیگر سرکردہ قائدین کے ہمراہ ایک کھلی جیپ میں سوار ہوکر اپنی انگلیوں سے فتح کے نشان کا مظاہرہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل میں کانگریس کی فتح کا اشارہ کررہی تھیں۔