سونیا گاندھی کے خلاف ریمارکس ‘ گری راج سنگھ کے خلاف ایف آئی آر

مظفر پور ( بہار ) / نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بہار کی ایک عدالت نے آج پولیس کو حکم دیا کہ مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے جنہوں نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف متنازعہ ریمارکس کئے ہیں۔ گری راج کشور نے سونیا گاندھی کے خلاف نسلی امتیاز کے ریمارکس کئے تھے ۔ سونیا گاندھی نے تاہم ان ریمارکس کو نظر انداز کردیا اور ان کا کہنا ہے کہ وہ تنگ ذہن افراد کے ریمارکس پر کوئی تبصرہ نہیں کرینگی ۔ کانگریس پارٹی نے گری راج سنگھ کے ریمارکس کے خلاف احتجاج بھی شروع کیا ہے اور دہلی کے علاوہ بنگلورو میں پارٹی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے انہیں مرکزی کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بنگلورو میں کانگریس کارکنوں نے بی جے پی قومی عاملہ اجلاس کے مقام پر بھی احتجاج کیا ۔ بی جے پی نے اپنی جانب سے اس تنازعہ کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے اور کہا کہ اس کے خیال میں چونکہ وزیر موصوف نے اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کردیا ہے اس لئے یہ معاملہ ختم ہوچکا ہے ۔

گری راج سنگھ نے کل اپنے ریمارکس میں کانگریسیوں سے سوال کیا تھا کہ اگر سونیا گاندھی سفید فام نہیں ہوتیں بلکہ سیاہ فام ہوتیں تو کیا ان کی قیادت کو قبول کیا جاسکتا تھا ؟ ۔ گری راج سنگھ کو ان ریمارکس پر بی جے پی کے حلیف و مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا سے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک مرکزی وزیر کا رویہ نہیں تھا ۔ مرکزی وزیر کو اس طرح کی زبان میں بات نہیں کرنی چاہئے ۔ یہ قابل اعتراض ریمارک ہے ۔ مسٹر کشواہا راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے صدر ہیں۔ جب سونیا گاندھی سے میڈیا نے ان کا رد عمل جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ وہ تنگ ذہن افراد کے ریمارکس پر کوئی جواب نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسجھتی ہیں کہ اس طرح کے تنگ ذہن افراد کے ریمارکس پر کسی طرح کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سونیا گاندھی مدھیہ پردیش میں نیمچھ کے مقام پر اظہار خیال کر رہی تھیں

جہاں وہ حالیہ موسمی وجوہات سے فصلوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے پہونچی تھیں۔ بہار میں کانگریس کے کارکن سنجے کمار سنگھ نے گری راج سنگھ کے خلاف سونیا گاندھی سے متعلق ریمارکس پر مظفر پور چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں عرضی داخل کی ۔ عدالت نے یہ مقدمہ سب ڈویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ انجو سنگھ کی عدالت کو منتقل کردیا ہے ۔ سب ڈویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ نے متھن پورا پولیس اسٹیشن کو مرکزی وزیر کے خلاف اس شکایت پر ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ درخواست گذار کے وکیل سمیت کمار نے یہ بات بتائی ۔ سب ڈویِژنل مجسٹریٹ نے متھن پورہ پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 166 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے ۔ درخواست گذار نے کہا کہ سونیا گاندھی کے خلاف اسطرح کے ریمارکس کا اخبارات میں مشاہدہ کرنے کے بعد انہیں تکلیف ہوئی ہے ۔