نئی دہلی ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر شاذیہ علمی نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی کہ انہیں لوک سبھا انتخابات میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف نامزد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے بریلی سے انتخابی مقابلہ کرنے سے انہوں نے کبھی اتفاق نہیں کیا ۔ شاذیہ علمی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ وہ رائے بریلی سے مقابلہ نہیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کبھی اس سے اتفاق نہیں کیا۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل تردید کرتی آرہی ہیں ۔ پارٹی میں یہ خبریں عام ہیں کہ شاذیہ علمی کو رائے بریلی سے سونیا گاندھی کے خلاف امیدوار نامزد کیا جارہا ہے جبکہ پارٹی نے کمار وشوا س کو امیتھی سے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف امیدوار کھڑا کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی شاذیہ علمی کو سونیا گاندھی کے خلاف مقابلہ میں لانا چاہتی ہیں لیکن شاذیہ علمی کو اس میں کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے فرخ آباد یا دہلی کی کوئی اور نشست سے مقابلہ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ فرخ آباد کی نمائندگی مرکزی وزیر سلمان خورشید کر رہے ہیں ۔ کمار وشواس نے کل کہا تھا کہ بی جے پی کی طرح عام آدمی پارٹی بھی محفوظ نشست چاہتی ہے۔