خلیل آباد (یوپی) 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی نے آج سونیا گاندھی کی جانب سے ملک کو ’’مودی کے نمونے‘‘ سے بچانے خدا سے مدد طلب کرنے اور دُعا کرنے کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہاکہ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُنھیں کتنا بڑا مسئلہ درپیش ہے۔ اپنی تقریروں میں اُنھوں نے کبھی خدا کا حوالہ نہیں دیا تھا۔ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ سونیا گاندھی برسرعام تقریروں میں اکثر خدا کو یاد کرتی ہیں۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُنھیں ’’ماں ۔ بیٹا‘‘ حکومت کے جانے پر فکر ہوگئی ہے۔ کانگریس کی وکٹیں گر رہی ہیں۔ اُنھوں نے قبل ازیں گزشتہ 20 تا 25 سال میں کبھی بھی سونیا گاندھی کو خدا سے مدد طلب کرتے نہیں سنا ہے۔ چاہے کانگریس کو کیسی بھی مشکل کا سامنا کیوں نہ رہا ہو۔ لیکن اب اُنھیں یقین ہوگیا ہے کہ ماں ۔ بیٹا حکومت دوبارہ برسر اقتدار نہیں آئے گی۔ اِس لئے وہ خدا کو پکار رہی ہیں۔ سونیا گاندھی نے ایک عام جلسہ میں انتباہ دیا تھا کہ مودی کی زیرقیادت بی جے پی کا ایجنڈہ ’’انتشار‘‘ ہے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ خدا ملک کو اُن کے برسر اقتدار آنے سے بچائے۔ کانگریس کے سیکولرازم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہاکہ سیکولرازم اُن کا صرف انتخابی موضوع ہے۔ وہ عوام کی خوشحالی کے لئے انتخابی جنگ کررہے ہیں۔ جبکہ وہ خود اپنی خوشحالی کے لئے ایسا کررہے ہیں۔ کانگریس نے ملک کو اسکامس کی سرزمین بنادیا ہے۔ آج دنیا ہندوستان کو اسکام انڈیا کے نام سے پکار رہی ہے۔