سونیا گاندھی کیخلاف ریمارکس پر وزیر کے ٹی آر کو سنگین نتائج کا انتباہ

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اپنے بیٹے کو سمجھائیں، وی ہنمنت راؤ کا ردعمل

حیدرآباد ۔ 30 جون (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سونیا گاندھی کے خلاف نازیبا ریمارکس کرنے والے ریاستی وزیر کے ٹی آر کو سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ اپنے فرزند کو سمجھا لینے کا چیف منسٹر کو مشورہ دیا ورنہ گھر میں گھس کر آر پار کی لڑائی لڑنے کی دھمکی دی۔ آج گاندھی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کے ٹی آر کو سیاسی میدان میں بچہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تحریک میں حصہ نہ لینے والے کے ٹی آر کو سونیا گاندھی اور کانگریس پر تنقید کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ سونیا گاندھی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر ہی کے سی آر نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ سونیا گاندھی کے گھر پہنچ کر ان کے پیر پڑھتے ہوئے اظہارتشکر کیا تھا۔ اس موقع پر کے ٹی آر اور ان کے بیوی بچے بھی موجود تھے۔ کے سی آر کا چیف منسٹر اور کے ٹی آر کا وزیر بننا سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے۔ وعدے کے مطابق ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم نہ کرنے پر بھی سونیا گاندھی نے کبھی چیف منسٹر کے سی آر یا ٹی آر ایس حکومت کے حلاف کوئی ریمارکس یا تنقید نہیں کی مگر کے سی آر کا خاندان احسان فراموش ثابت ہوا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ ماضی میں اندرا گاندھی کے خلاف شخصی ریمارکس کرنے پر این ٹی آر اور راجیو گاندھی کے خلاف شخصی ریمارکس کرنے والے اشوک گجپتی راجو کے گھروں کا گھیراؤ کیا تھا۔ دوبارہ کے ٹی آر سونیا گاندھی کے خلاف کوئی ریمارکس کرتے ہیں تو ان کے گھر کا گھیراؤ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ تلنگانہ کی تحریک میں کوئی رول ادا نہ کرنے والے کے ٹی آر کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی سونیا گاندھی پر ریمارکس کرنے پر شرم آنی چاہئے۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ اپنے فرزند کی زبان پر لگام دیں اور تہذیب کا دائرہ عبور نہ کرنے کا مشورہ دیں ورنہ ہم بھی منہ میں زبان رکھتے ہیں اور اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ ہماری خاموشی کو ٹی آر ایس کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔ کئی بدعنوانیوں میں کے ٹی آر کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس بھی اقتدار مستقل نہیں رہتا۔ آج ٹی آر ایس کے پاس ہے کل کانگریس کے پاس رہے گا مگر قائدین کو تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہنا چاہئے کیونکہ وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتی۔