سونیا گاندھی کو مہاراشٹرا کانگریس مقننہ پارٹی کے قائد کے انتخاب کا اختیار

ممبئی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کانگریس مقننہ پارٹی کا ایک اجلاس آج منعقد ہوا جس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مقننہ پارٹی کے قائد کی نامزدگی کا اختیار سپرد کردیا گیا۔سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوان نے کہا کہ وہ اس عہدہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔ ریاستی پارٹی کے صدر مانک راؤ ٹھاکرے نے ایک سطری قرارداد کی منظوری کے ذریعہ قومی صدر کانگریس سونیا گاندھی کو قائد کانگریس مقننہ پارٹی مہاراشٹرا کے انتخاب کا اختیار سپرد کردیا گیا۔ قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوگئی۔ قبل ازیں لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے قائد ملک ارجن کھرگے نے جو انتخابات کے مرکزی مبصر تھے، انفرادی طور پر ارکان اسمبلی سے ملاقات کی اور قائد مقننہ پارٹی کے بارے میں ان کے خیالات معلوم کئے۔ مہاراشٹرا اُمور کے انچارج جنرل سکریٹری موہن پرکاش مرکزی قیادت کو ارکان اسمبلی کی رائے سے واقف کروائیں گے۔