صحت کی خرابی کی وجہ سے دو سال بعد سونیا گاندھی کی کسی انتخابی مہم میں شرکت
نئی دہلی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وارناسی میں آج دوپہر اپنی انتخابی مہم ترک کرنے کے بعد یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی تقریباً دو سال بعد کل ریاست کرناٹک کے علاقہ بیجاپور کا انتخابی مہم کے سلسلہ میں دورہ کریں گی اور بیجاپور میں ایک عام جلسہ سے خطاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کیا وہ کرناٹک میں جہاں 12 مئی کو رائے دہی مقرر ہے، مزیدانتخابی جلسوں سے خطاب کریں گی۔ پارٹی ذرائع کے بموجب وہ کل صرف ایک جلسہ عام سے بیجا پور میں خطاب کریں گی۔ سونیا گاندھی تقریباً دو سال سے انتخابی مہم میں شرکت نہیں کررہی ہیں۔ وہ انتخابات کے دوران یو پی، گجرات، پنجاب، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، میگھالیہ، تریپورہ اور ناگالینڈ میں کسی انتخابی جلسہ سے خطاب نہیں کرسکی ہیں۔ کانگریس کی سابق صدر وارناسی میں ایک روڈ شو کے دوران 2 اگست 2016ء کو بیمار ہوگئی تھیں۔ یہ واقعہ یوپی اسمبلی انتخابات سے قبل پیش آیا تھا۔ ان کے غیاب میں راہول گاندھی نے پارٹی کی انتخابی مہم کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اسمبلی انتخابات کے دوران تمام ریاستوں میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کی تھی۔