سونیا گاندھی کا دورۂ رائے بریلی، متاثرہ کسانوں سے ملاقات

رائے بریلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب رائے بریلی میں غیر موسمی بارش کے متاثرہ کسانوں سے ملاقات کی اور بچراوان کے حالیہ ٹرین حادثہ کے مہلوکین کے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور انھیں ممکنہ امداد کا تیقن دیا۔ صدر کانگریس آج صبح فرحت گنج ایرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ذریعہ کار سیدھے بچراوان پہونچیں اور غیر موسمی بارش سے متاثرہ کسانوں سے ملاقات کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کسانوں نے شکایت کی کہ فصلوں کو نقصان پر نہ کوئی عہدیدار آئے اور نہ ہی کچھ معاوضہ ادا کیا گیا۔ بعدازاں سونیا نے علاقہ سرودیا نگر میں شیویندر سنگھ کے افراد خاندان سے ملاقات کی جو ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوا۔