نئی دہلی ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو آج یہاں کے ایک خانگی ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا جہاں وہ موسمی بخار کے سبب دو روز قبل شریک کی گئی تھیں۔ سرگنگارام ہاسپٹل میں امراض سینہ و شریان کے علاج و معالجہ کے شعبہ کے سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر ارون کمار نے کہاکہ ’’گاندھی بخار کے بعد صحتیاب ہوگئی ہیں جنہیں مستحکم حالت میں ڈسچارج کیا جارہا ہے‘‘۔ 69 سالہ سونیا گاندھی کو 11:30 بجے دن ڈسچارج کیا گیا۔ انہیں 28 نومبر کو 8 بجے شب اس دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ سونیا گاندھی اگست کے دوران واراناسی میں روڈشو کے دوران علیل ہوگئی تھیں جس کے بعد 12 دن تک دواخانہ میں شریک رہیں۔ اس دوران ان کے کندھے پر آئے زخم کے علاج کیلئے معمولی آپریشن بھی کیا گیا تھا۔