سونیا اور راہول گاندھی کیخلاف مضبوط امیدواروں کو ترجیح : راج ناتھ سنگھ

لکھنو 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی صدر راج ناتھ سنگھ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ اُن کی پارٹی اترپردیش میں سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف مضبوط امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتارے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ رائے بریلی اور امیٹھی سے سونیا اور راہول گاندطی کے خلاف ایسے مضبوط امیدواروں کو انتخابی میدان میں اُتارے جانے کے بارے میں غور و خوض کیا جارہا ہے جن کی کامیابی یقینی ہو۔ جب اُن سے سہارنپور کے کانگریس امیدوار عمران مسعود کے نریندر مودی کے بارے میں منافرت انگیز ریمارک کے بارے میں استفسار کیا گیا تو اُنھوں نے کہاکہ عمران مسعود کا ریمارک کانگریس کی مایوسی اور نریندر مودی کی مقبولیت کی علامت ہے۔

مودی کی جو لہر پورے ملک میں چل رہی ہے اُس سے کانگریس بوکھلا گئی ہے اور بوکھلاہٹ میں ایسے اوٹ پٹانگ ریمارک کئے جاتے ہیں۔ مسعود کے ریمارک سے نریندر مودی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آنے والی۔ راج ناتھ سنگھ سے جب یہ لکھنو سے ایس پی امیدوار کی تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنھوں نے کہاکہ انتظار کیجئے اور دیکھئے کہ کس طرح وہ سیاسی جماعت دیگر مقامات سے بھی اپنے امیدواروں کو تبدیل کرے گی۔ اُنھوں نے ادعا کیاکہ وہ ہمیشہ انصاف اور انسانیت پر مبنی سیاست سے وابستہ رہے اور یہی وجہ ہے کہ اُنھیں ملک کے ہر گوشہ سے تائید ملتی ہے۔