سونیا ، راہول کے خلاف کیس بی جے پی کا انتقام:کانگریس

نئی دہلی ۔ 27 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے نیشنل ہیرالڈ کے مسئلے میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف مبینہ تصرف بیجا اور فراڈ کے کیس میں بی جے پی اور سبرامنیم سوامی کی جانب سے ’’انتقام کے جذبہ ‘‘ کا الزام عائد کیا ۔ سبرامنیم سوامی کی جانب سے شکایت داخل کرنے تک کا سارا معاملہ سیاسی مقصد براری ، شرارت پسندی اور کینہ پرور کوشش کے سواء کچھ نہیں جس میں نہ صرف سوامی بلکہ بی جے پی کی گندی سیاست کا شعبہ بھی ملوث ہے جو اپنے انتقامانہ جذبہ پر عمل درآمد کررہا ہے ۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ یوں تو یہ معاملہ زیردوراں ہے اور صدر کانگریس ، نائب صدر یا دیگر قائدین کو ابھی تک کوئی سمن وصول نہیں ہوئے ہیں لیکن میں کہنا چاہوں گا کہ ہم مناسب قانونی مشورہ لیتے ہوئے اس معاملے کا مناسب فورموں میں جواب دیں گے ۔ اس کیس میں سونیا اور راہول کے خلاف مبینہ بیجا تصرف اور دھوکہ دہی کے معاملے پر تنازعہ کو مسترد کرنے کی سعی کرتے ہوئے پارٹی ترجمان نے کہاکہ پارٹی مناسب فورم میں اس معاملے سے نمٹیں گی ۔