ٹورنٹو ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار اور ومبلڈن چمپیئن نواک جوکووچ کو یہاں یو ایس اوپن کے ضمن میں کھیلے جانے والے راجرکپ کے تیسرے راونڈ میں فرانسیسی ٹینس اسٹار جوویلفریڈ سونگا نے صرف 63 منٹوں میں شکست دی۔ سونگا نے یہ مقابلہ 6-2,6-2 کے ذریعہ اپنے نام کرلیا۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے بہترین کھلاڑی راجر فیڈرر بھی ایک حیران کن شکست سے خود کو محفوظ رکھا جیسا کہ انہوں نے مارن سلک کو 7-6(5) ، 6-7(3)، 6-4 سے شکست دی۔ جوکووچ اور
سونگا کے درمیان کھیلے گئے گذشتہ 11 مقابلوں میں جوکووچ نے فتوحات حاصل کی تھی لیکن بارہویں مرتبہ وہ کامیاب نہیں ہوپائے ہیں۔ اس شکست کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے جوکووچ نے کہا کہ اس مقابلہ میں ان کیلئے کچھ بھی بہتر نہیں ہوا جیسا کہ بیس لائن، سرویس، رٹن اور فور ہینڈ سب ہی ناکام رہے۔ جوکووچ اور سونگا کے درمیان کھیلے گئے مقابلہ میں سونگا کی سرویس کافی شاندار رہی جس کی وجہ سے جوکووچ کو کافی جدوجہد کرنی پڑ رہی تھی۔ فرانسیسی ٹینس اسٹار نے صرف 8 ایس ہی مارے لیکن شاندار سرویس کی وجہ سے وہ جوکووچ کو پریشان کرنے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ ماہ ومبلڈن خطاب حاصل کرنے اور 4 دن قبل اپنی ساتھی خاتون سے شادی کرنے کے بعد جووکوچ ٹورنٹو میں پہلا ٹورنمنٹ کھیل رہے تھے لیکن وہ اس ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔