سونا اسمگلنگ ریاکٹ بے نقاب ، بارکس سے تین افراد گرفتار

حیدرآباد /4 مئی ( سیاست نیوز ) شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر دو دن قبل 799 گرام سونے کی اسمگلنگ کے ریاکٹ کو بے نقاب کرنے کے بعد سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شبہ پر سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے بارکس سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جدہ حیدرآباد ایر انڈیا فلائیٹ میں 25 لاکھ مالیتی سونا پیسنجر کی سیٹ سے برآمد کیا گیا تھا ۔ کسٹمس عہدیداروں نے اس ضمن میں تحقیقات کرتے ہوئے شہر کے مقامی نوجوان کا اس ریاکٹ میں ملوث ہونے کا پتہ لگایا تھا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چندرائن گٹہ بارکس سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان جس میں ایک کی شناخت عامر کی حیثیت سے کی گئی ہے کو حراست میں لے لیا اور ان سے کسٹمس عہدیداروں کی مدد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ کسٹمس عہدیداروں کو شبہ ہے کہ خلیج ممالک سے بڑے پیمانے پر سونے کی اسمگلنگ کی جارہی ہے ۔ جس میں شہر کے بعض نوجوان ملوث ہوسکتے ہیں ۔