حیدرآباد /14 ستمبر ( سیاست نیوز ) انٹرنیٹ اور سوشیل نٹ ورکنگ سائیٹ کے ذریعہ نئی ایجادات مشاہدوں اور تجربہ حاصل کرنے کے موقع پیدا ہوگئے ہیں ۔ لیکن اکثر جرائم سے جڑے معاملات کا مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے تاہم ایسے جرائم کو دیکھ کر عملی اقدامات کرنے والے بھی آئے دن منظر عام پر آنے لگے ہیں ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں عبداللہ پور میٹ پولیس نے ایک ڈاکو کو گرفتار کرلیا جو یو ٹیوب کا مشاہدہ کرنے کے بعد سرقہ اور ڈاکہ زنی انجام دیتا تھا ۔ 6 معاملات میں ملوث اس ڈاکو 25 سالہ ایم سائی ساکن رنگم پیٹ مشرقی گوداوری کو پولیس عبداللہ پورمیٹ نے گرفتار کرلیا جو آنکھوں میں مرچ پاؤڈر چھڑک کر گاڑیاں لوٹ لیا کرتا تھا اور گاڑیاں لیکر فرار ہوجایا کرتا تھا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک کار ایک آٹو 4 موٹر سایئکل اور 2 سیل فون ضبط کرلئے ۔ جس کی مالیت 10 لاکھ 20 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق یو ٹیوب دیکھنے کے بعد یہ سارق منصوبہ تیار کرتا تھا اور ہائی وے پر جاکر ڈرائیورز کی آنکھوں میں مرچ پاوڈر چھڑک کر گاڑی لیکر فرار ہوجاتا تھا ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی ۔