رین بازار پولیس اسٹیشن میں آصف اقبال کے خلاف مقدمہ درج : ڈی سی پی ستیہ نارائنا
حیدرآباد ۔ /17 جون (سیاست نیوز) رین بازار پولیس نے مجلس بچاؤ تحریک کے کارکن مسٹر آصف اقبال کو بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کے خلاف بیان دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا کرلیا ۔ ٹاسک فورس ٹیم نے آصف اقبال کو حراست میں لے کر رین بازار پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آصف اقبال نے سابق میں گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر اس کے خلاف پولیس اسٹیشن رین بازار میں ایک مقدمہ درج کروایا تھا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راجہ سنگھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کا جواب حاصل کیا تھا ۔ حالیہ دنوں آصف اقبال نے بذریعہ سوشیل میڈیا (واٹس اپ) IB 24×7 چیانل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا جو مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور قابل اعتراض بتایا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے اپنے بیان میں کہا کہ آصف اقبال کے خلاف دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پیدا کرنے کے الزام میں تعزیرات ہند کی دفعات 153A ، 505 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جبکہ اس چیانل پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں رین بازار پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے مقدمہ میں راجہ سنگھ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جائے گی اور اس سلسلے میں پولیس کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے اور اس کو خطرہ لاحق ہونے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرمصدقہ اور غلط مواد کو سوشیل میڈیا پر گشت نہ کروائیں ۔ سب انسپکٹر رین بازار مسٹر وی یوگیندر نے بتایا کہ گرفتاری کے فوری بعد آصف اقبال کو سی آر پی سی کے دفعہ 41 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے رہا کردیا۔