سوشل میڈیا کے ذریعے فساد، بی جے پی پر ممتا کا الزام

کولکاتا، 6جولائی(سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر سوشل میڈیا کے ذریعہ فرقہ وارانہ فسادات کرانے اور افواہ پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ریاست میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے ’’ امن فورس ‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹریٹ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے بی جے پی سماجی میڈیا کا غلط استعمال کررہی ہے ۔سوشل میڈیا کے ذریعہ افواہ پھیلانا بی جے پی کا طریقہ کار بن گیا ہے ۔اس کے ذریعہ عام آدمی کے درمیان دوریاں پیدا کی جارہی ہیں ۔اس لئے حکومت نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر امن فورس بنانے کا فیصلہ کیا جس میں ریاستی انتظامیہ اور پولیس بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس فورس کا نام ’’شانتی باہنی‘‘ہوگا جو ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بنگال میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو خراب کرنے کیلئے مسلسل سازشیں رچی جارہی ہیں۔