کولکتہ ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن آنے والے لوک سبھا انتخابات میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئے جانے والے اخراجات کا جائزہ لے گا اور اس پر پہلی مرتبہ کڑی نظر رکھی جائے گی۔ اسسٹنٹ چیف الیکٹورل آفیسر مغربی بنگال امیت جوتی بھٹاچاریہ نے آج کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سوشیل میڈیا جیسے وکی پیڈیا، فیس بک، ٹوئیٹر، یوٹیوب پر کڑی نظر رکھی جائے گی کیونکہ اس کے ذریعہ سیاسی پارٹیاں اپنی تشہیر کررہے ہیں۔ اس کیلئے رقومات بے دریغ خرچ کی جارہی ہے۔ انتخابی پینل کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کے مصارف پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ انتخابات میں بدعنوانیوں کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔
مودی کا معاشی نظریہ
سیاسی مفاد پرستی : آنند شرما
نئی دہلی ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے وزیرکامرس و صنعت آنند شرما نے آج کہا کہ بی جے پی کی وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا معاشی نظریہ کچھ نہیں بلکہ ایک سیاسی مفاد پرستی ہے۔ مودی نے ہندوستان کیلئے جو معاشی نظریہ پیش کیا ہے وہ نیا نہیں ہے بلکہ یو پی اے حکومت کے کارناموں کا آئینہ ہے۔ مودی نے اپنے سیاسی مقاصد کو بروئے کار لانے کیلئے اس نظریہ کا احیاء کرنے کی جانب زور دیا ہے۔ گجرات چیف منسٹر کا دعویٰ کہ گجرات میں سرمایہ کاری زبردست ہوئی ہے، غیریقینی ہے۔