سوزوکا (جاپان)۔ 5 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرسیڈیز کے ڈرائیور لیوئس ہیملٹن نے سوزوکا گرانڈ پری جیت کرعالمی رینکنگ میں اپنی سبقت کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ یہ ان کی اس سیزن میں آٹھویں فتح تھی۔ اس طرح انہیں اپنے قریب ترین حریف نیکو روزبرگ پر 10 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سوزوکا گرانڈ پری میں ہیملٹن کے بعد اْن کی ہی ٹیم کے نیکو روزبرگ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔اِس ریس میں ریڈ بل ٹیم کے سیباسیتان فیٹل اور ڈینیئل ریکارڈو تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ اِس سیزن میں ایسا چوتھی مرتبہ ہوا کہ فیٹل ونرز پوڈیم تک پہنچے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اِس تناظر میں فیٹل نے کہا کہ ریس کے دوران اْنہیں گاڑی کے پہیے تبدیل کرنا پڑے، جس کی وجہ سے وہ اپنی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے۔سوزوکا میں ہونے والی گرانڈ پری ریس 53 راؤنڈز پر مشتمل تھی تاہم بارش کے باعث اِسے 46 ویں راؤنڈ میں ہی ختم کرنا پڑا۔
اِس سے قبل ریس شروع ہونے کے دو لیپس بعد ہی سیفٹی کار ٹریک پر آ گئی تھی، جس کی وجہ سے ریس میں 15 منٹ کا وقفہ تھا۔ پھر سیفٹی کار کے پیچھے 7 لیپس کے بعد ریس دوبارہ باقاعدہ شروع ہوئی۔اِس کے بعد 44 ویں راؤنڈ میں ایک حادثہ ہوا، جس کے دو لیپس بعد ریس کو مکمل طور پر روکنا پڑ گیا۔ یہ حادثہ زاؤبر ٹیم کے جرمن ڈرائیور آدریاں سوٹل کی وجہ سے ہوا اِس سلسلے میں سوٹل نے بتایا کہ ٹریک پر جمع ہونے والے پانی کے سبب وہ اپنی گاڑی پر کنٹرول نہیں رکھ سکے تھے۔’’ تاہم بعد میں جو حادثہ رونما ہوا، وہ میرے لیے ایک دھکہ ہے‘‘۔ اْن کے بقول وہ اِس بارے میں مزید کچھ نہیں کہنا چاہتے، بس دعا ہے کہ جولیس جلد صحتیاب ہو جائے۔ جاپانی گرانڈ پری کے فاتح ڈرائیور لیوئس ہیملٹن نے کہا کہ تمام افراد جولیس کیلئے دعاگو ہیں۔ سیزن کی پندرہ ریسز مکمل ہونے کے بعد برطانوی ڈرائیور ہیملٹن مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہیں اور اْن کے پوائنٹس کی تعداد 266 ہو گئی ہے۔