سوریا پیٹ کو ضلع بنانے کی طرف پیشقدمی

سوریا پیٹ 12 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر برقی توانائی امداد باہمی و رکن اسمبلی سوریا پیٹ مسٹر جی جگدیش ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے تلنگانہ کے ملتویہ آبپاشی پراجکٹوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات شروع کردی ہے اور حکومت مذکورہ پراجکٹوں کی تکمیل کے لئے خصوصی پیاکیج کی منظوری پر غور کررہی ہے۔ اگر حکومت پیاکیج کی منظوری دیتی ہے تو اس سے زیرالتواء آبرسانی پراجکٹوں کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ وہ سوریا پیٹ تریوینی فنکشن ہال میں جلم منم (پانی ہم) پروگرام کے تحت منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ضلع کے بعض مقامات میں قحط کی سنگین صورتحال ہے۔ انھوں نے کسانوں کو صبر و تحمل سے کام لینے اور حکومت پر اعتماد و بھروسہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ اندرون ایک سال ضلع کے ہر مکان کو نلوں کے ذریعہ آبی سربراہی کے لئے اقدامات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے سوریا پیٹ کو ضلع کا موقف دینے کی پیش قدمی شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کو ضلع کلکٹر مسٹر ست نارائن ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے جلم منم پروگرام کے آغاز پر عوام کو مبارکباد دی اور عوام کو اس پروگرام سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ تقریب کو بلدیہ چیر پرسن جی پاوالیکا، ایم ایل سی پی رویندر ، مشین کاکتیہ ڈائرکٹر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر جگدیش ریڈی نے جلم منم بروچرس کی رسم اجراء انجام دی۔ تقریب میں ڈیویژن کے ایم آر اوز، ایم ڈی اوز، زیڈ پی ٹی سیز، ایم پی ٹی سیز، اطراف و اکناف سرپنچوں کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔