سوریا پیٹ میں ٹریفک کے سنگین مسائل

مارکٹ روڈ اور گاندھی چوراہا کی سڑکوں کی توسیع ضروری
سوریا پیٹ۔/11اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوریا پیٹ تلنگانہ ضلع نلگنڈہ کا ایک تجارتی و ترقی پذیر معروف شہر ہے، ان دنوں سوریا پیٹ میں جہاں کئی مسائل ہیں وہیں ٹریفک کا بھی ایک سنگین مسئلہ ہے۔ مین روڈ ایک طویل عرصہ سے اپنی تنگی کا شکوہ کررہی ہے۔ مین روڈ پر واقع پلہ سنٹر اور مارکٹ روڈ چوراہا پر عوام کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ مین روڈ پر اگر کوئی بس یا ٹریکٹر آجائے تو پوری سڑک بلاک ہوجاتی ہے۔ کئی برس سے سنا جارہا ہے کہ مین روڈ کی کٹنگ کی جائے گی اورسڑک کشادہ کی جائے گی۔ آراینڈ بی کے عہدیداروں نے کئی بار سروے کیا ہے لیکن تاحال کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس پر جلد عمل آوری بھی ہونے والی نہیں ہے۔ اسی طرح شنکر والاس چوراہا تا گاندھی چوراہا ایم جی روڈ کی بھی یہی صورتحال ہے۔ کھمم روڈ، عید گاہ روڈ مین روڈ اور ایم جی روڈ پر ڈیوائیڈرس کی شدید ضرورت ہے۔ نیا بس اسٹانڈ چوراہا قدیم بس اسٹانڈ چوراہا، شنکر ولاس چوراہا ، پی ایس آر سنٹر، پلہ سنٹر، امبیڈکر چوراہا اور سونا بیکری قدیم عیدگاہ روڈ چوراہا پر سگنلس نصب کرنا نہایت ضروری ہے۔ اہم چوراہوں پر ٹریفک کا نظام بالخصوص شام کے اوقات میں درہم برہم ہوجاتا ہے۔ ٹریفک پولیس جس کی ذمہ داری ٹریفک نظام کو باقاعدہ اور باضابطہ بنانا ہوتا ہے لیکن وہ صرف چالانات کی وصولی کو اپنا معمول بنالیا ہے اور اسی تک محدود ہوگئی ہے۔ ٹریفک پولیس والے سڑکوں اور چوراہوں پر یا تو چالانات وصول کرتے نظر آتے ہیں یا پھر آپس میں باتیں کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ متعلقہ محکمہ جات کو عوام کی سہولت کیلئے اس خصوص میں جلد از جلد اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔