سورو گنگولی کرکٹ بورڈ آف بنگال کے نئے صدر

کولکتہ۔26 ستمبر۔ (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی کرکٹ بورڈ آف بنگال کے نئے صدر ہوں گے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس بات کا اعلان میڈیا کے سامنے کیا۔گنگولی کو اس عہدے کیلئے بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔بی سی سی آئی کے سابق صدر جگموہن ڈالمیا کے بیٹے ابھیشیک ڈالمیا کو کرکٹ بورڈ آف بنگال کا جوائنٹ سکریٹری بنایا گیا۔اعلان کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے گنگولی نے کہا: ’’یہ بڑی ذمہ داری ہے۔ میں بنگال کرکٹ کی بہتری کیلئے جو ممکن ہو گا، کروں گا۔ میں خوش ہوں کہ ممتا دیدی چاہتی تھیں کہ ابھیشیک بورڈ میں آئیں۔ یہ ان کے لیے جذباتی لمحہ ہے کیونکہ انھوں نے ابھی ابھی اپنے باپ کو کھویا ہے۔ ہم ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے‘‘۔گنگولی نے بتایا کہ وہ فوری طور پر نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتانوں میں شمار ہونے والے گنگولی نے عالمی کرکٹ کو 2008 ء میں ہی الوداع کہہ دیا تھا۔اپنے 21 برس کے کرئیر میں گنگولی عالمی کپ حاصل کرنے کا خواب تو پورا نہیں کر پائے تھے لیکن ان کی کپتانی کے دوران 2003 میں ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ کے فائنل تک ضرور پہنچی تھی جسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گنگولی کی قیادت میں انڈیا کی ٹیم نے 21 ٹیسٹ میچ جیتے جوکسی بھی دوسرے کپتان سے زیادہ تھے۔