نئی دہلی۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق ہندوستانی کپتان سورو گنگولی آج سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ مدگل کمیٹی میں کرکٹ اُمور کے ماہر کی حیثیت سے شامل ہوگئے۔ یہ کمیٹی آئی پی ایل سٹہ بازی اور اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کررہی ہے۔ ریٹائرڈ جسٹس مکل مدگل کی زیر قیادت اس پینل میں ایڈوکیٹس ایل ناگیشور راؤ، نیلوئے دتہ اور سینئر آئی پی ایس آفیسر بی بی مشرا شامل ہیں۔ جسٹس مدگل نے بتایا کہ ہم نے سورو گنگولی سے آئی پی ایل تحقیقاتی پینل میں شامل ہونے کی درخواست کی تھی اور انھوں نے اس سے اتفاق کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گنگولی سے فون پر بات ہوئی اور انھوں نے اس پینل میں شمولیت کی توثیق کی۔
چونکہ کمیٹی رکن ایل ناگیشور راؤ آج موجود نہیں تھے، اس لئے آئندہ اجلاس کی تاریخ طئے نہیں کی جاسکی۔ سپریم کورٹ نے تحقیقاتی کمیٹی کو ایک ایسے کرکٹر کا انتخاب کرنے کی ہدایت دی تھی جس کا ریکارڈ اچھا رہا ہو اور جو کرکٹ سے متعلق اُمور میں کمیٹی کی مدد کرسکتا ہو۔ یہ اسکام منظر عام پر آنے کے بعد سابق چینائی سوپر کنگس کے گروناتھ میئپن کے علاوہ ایس سری سنت، فرسٹ کلاس کرکٹرس انکت چاوان اور اجیت چنڈالیا، بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ اور دیگر کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ گنگولی خود 2012ء تک آئی پی ایل کھیل چکے ہیں، لیکن اس گیم میں ان کا اِمیج ہمیشہ صاف ستھرا رہا ہے۔ وہ اس وقت کمنٹری کے علاوہ کالم نگار بھی ہیں۔