سوراج اور وسندھرا سے استعفیٰ دینے سی پی آئی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج للیت گیٹ کے مسئلہ پر وزیرخارجہ سشماسوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا بصورت دیگر وزیراعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ انہیں برطرف کردیں۔ پارٹی کے ایم پی مسٹر ڈی راجہ نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ اس مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑیں کیونکہ داغدار اور سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی کے تنازعہ میں بی جے پی کے اور اہم قائدین پھنس گئے ہیں جس کے باعث بی جے پی کے اس دعویٰ کی قلعی کھل گئی ہیکہ گذشتہ ایک سال کے دوران بدعنوانیوں سے پاک حکومت فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی لیڈر نے ایک ایک شخص کی اعانت کی ہے جوکہ منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کرنے کی بجائے بیرون ملک فرار ہوگیا۔ مسٹر ڈی راجہ نے بی سی سی آئی کی بدنظمی کے مسئلہ کو 2010ء میں راجیہ سبھا میں اٹھا تھا اور کہا تھا کہ کرکٹ چونکہ کسی کو جوابدہ نہیں ہے۔ لہٰذا اسے وزارت اسپورٹس کے تحت کردیا جائے۔