سود خور کی ہراسانی پر خاتون کی خودکشی

حیدرآباد /29 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) قرض کی رقم ادا کرنے میں تاخیر اور سود خور کی زیادتیوں سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ ضلع رنگاریڈی کے علاقہ چیوڑلہ میں پیش آیا ۔ جہاں 34 سالہ لکشمی درگا نے اپنے جسم پر کیروسن ڈال کر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ لکشمی درگا چیوڑلہ علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیوی تھی ۔ اس نے مقامی شخص راملو سے تین ہزار روپئے کا قرض لیا تھا اور 2 ہزار روپئے گذشتہ روز ادا کردئے تھے ۔ مزید ایک ہزار روپئے ادا کرنے کیلئے وہ رقم لیکر اپنی لڑکی کے ہمراہ راملو کے یہاں گئی تھی جہاں راملو نے ایک ہزار کے بجائے 1400 روپیوں کا حساب بتایا اور بیٹی کے سامنے والدہ سے بدسلوکی کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔