’ سب بڑے ہوچکے ہیں ‘ میرا ان پر کنٹرول نہیں ‘ : منموہن سنگھ
نئی دہلی ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم منموہن سنگھ نے آج کہا کہ ان کے سوتیلے بھائی دلجیت کوہلی کی بی جے پی میں شمولیت پر انہیں افسوس ہوا ہے ۔ وزیر اعظم نے پدما ایوارڈس تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’ مجھے کافی افسوس ہوا ہے ۔ میرا کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔ سب بڑے ہوگئے ہیں ‘ ۔ دلجیت کوہلی گذشتہ روز امرتسر میں نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے ۔ مقامی بزنس مین کوہلی کی بی جے پی میں شمولیت سے ایک دن قبل ہی ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا تھا کہ ملک میں مودی لہر نہیں ہے ۔ وزیر اعطم نے آج دعویٰ کیا کہ کانگریس ہی پھر ایک مرتبہ حکومت قائم کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ یو پی اے III ناممکن نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ذرائع نے کہا کہ کوہلی کی بی جے پی میں شمولیت کے واقعہ سے منموہن سنگھ کے خاندان کو صدمہ پہونچا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ان ( کوہلی ) کے ارادوں کا کسی کو کوئی علم نہیں ہے ۔ وہ اپنا سیاسی کیرئیر جاری رکھ سکتے ہیں ۔ وزیر اعظم کا ایک طویل عرصہ سے کوہلی سے کوئی رابطہ نہیں تھا ۔ وزیر اعظم کو صرف چھ بہنیں ہیں اور کوہلی ان کے سوتیلے بھائی ہیں ۔ منموہن سنگھ کی والدہ کا کمر عمری میں ہی انتقال ہوگیا تھا ۔۔