نئی دہلی ۔ 11جون (سیاست ڈاٹ کام) ایسے وقت جبکہ عام آدمی پارٹی حکومت کئی تنازعات میں گھری ہے، اناہزارے کے مخالف رشوت ستانی ایجی ٹیشن گروپ کے سابق رکن سوامی اگنی ویش نے بھی آج کہا کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال خود اپنے طئے کردہ اخلاقی معیارات کو برقرار رکھنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ انہوں نے آج ایک ایونٹ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کجریوال نے پارٹی کیلئے اخلاقی معیارات کی بلند عمارت رکھی تھی ، جسے خود وہی گرا رہے ہیں۔ سماجی جہدکار نے کہا کہ کجریوال کا ’’صاف ستھرا‘‘ امیج تیزی سے بگڑتا جارہا ہے اور جو کجریوال کرپشن کے خلاف لڑائی میں مختلف مسائل پر فعال اور جارحانہ ہوا کرتے تھے، وہ اب یہی محاذوں پر دفاعی انداز اختیار کرتے جارہے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیرقانون دہلی جتیندر سنگھ تومر کی گرفتاری پر کہا کہ کجریوال نے بروقت کارروائی نہیں کی۔