گاندھی نگر، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات اسمبلی میں موجود دو کے علاوہ تمام کانگریس ایم ایل ایز کو آج ایوان سے ایک روز کے لئے مطعل کردیا گیا کیونکہ انہوں نے ایوان کی کارروائی کے دوران یہ الزام لگاتے ہوئے رخنہ اندازی کی کہ ان کے سوالات کو فہرست سے حذف کردیا گیا ہے۔ کانگریس ارکان نے جاریہ بجٹ سیشن کے دوران آج مسلسل تیسرے روز بھی متعدد معاملات پر اپنے احتجاج جاری رکھا۔ 3 جولائی کو پارٹی کے تمام لیجسلیٹرس ماسوائے دو، ایک روز کیلئے ایوان سے معطل کردیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ مانسون میں تاخیر کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر مباحثہ کیا جائے۔
کل بھی چار ایم ایل ایز کو ایوان سے ایک روز کے لئے معطل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر مباحثہ کا مطالبہ کیا تھا۔ وقفہ سوالات کے دوران قائد اپوزیشن شنکر سنگھ واگھیلا نے الزام عائد کیا کہ کانگریس ایم ایل ایز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کو حذف کردیا گیا جو ایوان کی قطعی فہرست میں مباحثہ کیلئے پیش کی گئی تھی ۔واگھیلا نے اسپیکر وجو والا سے مخاطب ہوکر کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے ہمارے سوالات کو حذف کرنے کی ایک نئی روایت شروع کی ہے۔ ہمارے ایم ایل ایز کی جانب سے پوچھے گئے کم از کم چار سوالات کو حذف کیا گیا۔ ایسا کیوں کیا گیا؟ یہ پوچھنے پر واگھیلا اور اسپیکر میں بحث و تکرار ہوگئی۔