سواریز کی درخواست مسترد

ری ڈیو جنیرو۔11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے یوراگوئے اور لیور پول کے کھلاڑی لوئس سواریز کو ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران اطالوی کھلاڑی کو دانتوں سے کترنے پر 9 میچوں کی پابندی، جرمانے اور چار ماہ تک فٹبال سرگرمیوں سے دور رہنے کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کر دی ہے۔ یوراگوئے کی فٹبال اسوسی ایشن نے فیفا کی جانب سے دی جانے والی سزا کو ’حد سے زیادہ سخت فیصلہ‘ قرار دیا ۔فیفا کے اس فیصلے کے بعد لوئس سواریز اب کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر سکیں گے۔فیفا نے سواریز پر ایک لاکھ سوئس فرانک جرمانہ بھی عائد کیا ہے جو تقریباً 65 ہزار برطانوی پاؤنڈ کے مساوی ہے۔اگر سواریز اور یوراگوئے کی فٹبال اسوسی ایشن نے کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا تو اس صورت میں عدالت سواریز کا مقدمہ دوبارہ سنے گی۔سواریز دو مرتبہ پہلے بھی میچ کے دوران کھلاڑی کو کترنے کے الزام میں دس میچوں کی پابندی کا سامنا کر چکے ہیں۔گذشتہ سال اپریل میں سواریز کو انگلش پریمیئر لیگ کے میچ میں چیلسی فٹبال کلب کے کھلاڑی ایوانوویچ کو کاٹنے پر دس میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس سے قبل 2010 میں بھی ان پر ہالینڈ کے ایندہووین کلب کے اتھمان بکال کو کاندھے پر کاٹنے پر سات میچوں کی پابندی عائد کی گئی ۔ 2010 کے کوارٹر فائنل میں انھوں نے گھانا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مخالف ٹیم کاگول ہاتھ سے روکا تھا جس پر ان کو سرخ کارڈ دکھا کر میچ سے باہر کر دیا گیا تھا۔