سوات میں فوجی ٹھکانے پر خود کش حملہ ، 11 سپاہی ہلاک

تحریک طالبان پاکستان نے ذمہ داری قبول کرلی ، پولیس کی چوکسی
سوات ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات کے علاقہ کبل میں ایک فوجی ٹھکانے پر خود کش حملہ کیا گیا جس میں ایک فوجی عہدیدار کے بشمول 11 سپاہی ہلاک ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حملہ شدید تھا ۔ دیگر 13 سپاہی زخمی ہوئے ہیں ۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ یہ حملہ ہفتہ کی شام منگورہ کے قریب واقع قصبہ کبل میں فوجی چوکی کے اسپورٹس میدان میں کیا گیا ۔ حملے کے وقت میدان میں والی بال میاچ کھیلا جارہا تھا ۔ حملے میں فوجی کیپٹن جہاں زیب ہلاک ہوئے ، اور کیپٹن عدیل زخمی ہوئے ہیں ۔ تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ حملے میں ہلاک فوجیوں کی نعشوں اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ دھماکہ کے بعد پولیس اور سیکوریٹی فورس کے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش تیز کردی ہے ۔ ضلع سوات کے دواخانہ میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کبل میں انسداد دہشت گردی کے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے دومبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا ۔۔