سوائین فلو سے جنوری میں جملہ 25 اموات

حیدرآباد 30 جنوری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں ماہ جنوری کے دوران 25 افراد سوائین فلو اور اس سے متعلقہ پیچیدگیوں کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ ریاست کے محکمہ صحت نے کہا کہ 29 جنوری تک جملہ 1,472 افراد کے معائنے کئے گئے ہیں جن میں 523 افراد میں سوائین فلو کے عارضہ کی توثیق ہوئی ہے ۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ صرف کل ایک دن میں 121 مشتبہ مریضوں کے معائنے کئے گئے جن میں 35 افراد میں سوائین فلو کی توثیق ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ 2009 کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک یہ وائرس کمزور ہوگیا ہے اور اس کے انفیکشن کی شدت میں بھی کمی آئی ہے ۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ریاست کے تمام دواخانوں میں ادویات کی درکار مقدار موجود ہے ۔ محکمہ نے عوام سے دہشت کا شکار نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ جیسے ہی تیز بخار ‘ کھانسی اور اعضا شکنی کی شکایت محسوس کرنے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں اور پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔