محبوب نگر۔/21جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوائن فلو کی وباء سے عوام ہرگز خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ اس کے علاج کے لئے درکار تمام تر سہولتیں موجود ہیں۔ اس بات کا انکشاف ریونیو میٹنگ ہال محبوب نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر ٹی کے سری دیوی نے کیا۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں 35کیسیس درج کئے گئے جن میں معائنہ کے بعد 14افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے جنہیں بروقت طبی سہولتیں پہنچائی گئیں اب ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مرض زیادہ تر وائرل سے پھیلتا ہے لہذا عوام چوکس رہیں اور بخار، نزلہ، کھانسی، سرکا درد اور جسمانی درد کی شکایت ہو اور دو دن گزرنے کے بعد بھی کم نہ ہو تو سرکاری دواخانہ میں ڈاکٹر سے رجوع ہوں ۔اس مرض کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ متحرک ہوچکا ہے۔ دیہی علاقوں میں پمفلٹس، پوسٹرس، بیانرس اور ٹام ٹام کے ذریعہ عوام کو آگاہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سوائن فلو کا کوئی بھی مریض ضلع محبوب نگر کے دواخانہ میں علاج کے دوران فوت نہیں ہوا ہے۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر سیموئیل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہاسپٹل اور ڈاکٹر گوند واگھورے ڈی ایم اینڈ ایچ او موجود تھے۔