سنگاریڈی میں ریاستی سکریٹری کانگریس شیخ عبد الغنی کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی /25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں مرض سوائن فلو میں اضافہ سے کئی افراد متاثر ہو رہے ہیں، جب کہ ریاستی حکومت جنگی خطوط پر سوائن فلو کی روک تھام کے اقدامات کے دعویٰ میں ناکام ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب شیخ عبد الغنی ریاستی سکریٹری کانگریس نے سنگاریڈی میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع سوائن فلو کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سوائن فلو کے شبہ کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد میں اس مرض سے متاثرہ چند مریض پائے گئے، جس کے فوری بعد کانگریس قائدین و ارکان اسمبلی نے حکومت سے نمائندگی کی، تاہم حکومت نے سوائن فلو نہ ہونے کا انکار کرتے ہوئے نمائندگی کو نظرانداز کردیا اور مسئلہ کو مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے آج شہر حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں سوائن فلو کے مریض پائے جا رہے ہیں، جب کہ فوری طورپر اس مرض کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انھوں نے سوائن فلو کی روک تھام کے لئے حکومت کے تمام اعلانات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ سوائن فلو سے محفوظ رہنے کے لئے محکمہ صحت کے عہدہ دار شہری اور دیہی علاقوں میں گھر گھر پہنچ کر ادویات کی تقسیم عمل میں لائیں اور عوام کا شعور بیدار کریں۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کی جانب سے دوا خانوں کا معائنہ کرکے بیانات جاری کئے جا رہے ہیں، جب کہ ریاست میں سرکاری دوا خانوں کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ دیہی سطح پر کئی ڈاکٹرس غیر حاضر رہتے ہیں، لہذا طبی عملہ کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے انھیں چوکس کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں سوائن فلو سے اب تک کئی افراد فوت ہو چکے ہیں، جب کہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ضلع میدک سے بھی چند افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اس مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وزیر صحت راجیا ہیں، کیونکہ وہ ابتدا میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے سوائن فلو سے کئی افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موسم سرما میں سوائن فلو کی وباء پھیلنے سے عوام کافی خوف زدہ ہیں، لہذا طبی عملہ کو چاق و چوبند کرتے ہوئے خصوصی مہم چلاکر عوام کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔