گمبھی راؤ پیٹ میں عہدہ داروں کے اجلاس سے ڈاکٹر علیم کا خطاب
گمبھی راؤ پیٹ /25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوائن فلو کے تدارک کے لئے منظم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اے این ایمز کو چاہئے کہ وہ مواضعات میں عوام کے درمیان پہنچ کر سوائن فلو سے متعلق شعور بیدار کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علیم نے کیا۔ وہ آج یہاں کلسٹر ہاسپٹل میں مستاباد، یلاریڈی پیٹ اور گمبھی راؤ پیٹ کے ہیلتھ عہدہ داروں کے ایک اجلاس کو مخاطب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت و طب کی جانب سے وبائی مرض سوائن فلو کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر علیم الدین نے کہا کہ ضلع بھر میں مرض سے متعلق ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے۔ سوائن فلو کی علامت پائے جانے کے بعد مریضوں کو خصوصی علاج فراہم کیا جائے گا، لہذا اس سلسلے میں عوام کو گھبرانا نہیں چاہئے۔ قبل ازیں ڈاکٹر علیم الدین نے موضع لنگاپیٹ میں نو تعمیر شدہ ہیلتھ پرائمری سنٹر کا معائنہ کیا اور کہا کہ ابھی یہاں کچھ تعمیری کام باقی ہے، جس کو جلد مکمل کرلیا جائے گا اور اندرون ماہ اس کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ اس موقع پر دیگر عہدہ دار مہیش، راجیشم، اسپروتی وغیرہ بھی موجود تھے۔