سوئس گرانڈ پری : سائنا کو شکست سندھو اور کیشپ کی پیش رفت

باسل ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک اور مؤثر پرفارمنس پیش کرتے ہوئے ہندوستانی اسٹار پی وی سندھو آج حال میں آل انگلینڈ چمپئن کا خطاب جیتنے والی شیژلان وانگ کو حیرت زدہ کرکے سیمی فائنلس میں پہنچ گئیں جبکہ سائنا نہوال کیلئے یہاں 125,000 ڈالر والے سوئس گرانڈ پری گولڈ میں سفر کا اختتام ہوگیا۔ مینس سنگلز میں پی کیشپ بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئے جس کیلئے انھوں نے چائنیز تائپی کے چھٹے سیڈ تیان چن چو کے مقابل کٹھن میچ میں کامیابی حاصل کی۔ ساتویں سیڈ سندھو نے 45 منٹ کے میچ میں 21-17، 21-15 سے جیت درج کرائی۔ تاہم اولمپک برونز میڈلسٹ سائنا کو عالمی نمبر تین ییہان وانگ کے مقابل 17-21، 2-21 سے شکست ہوئی۔

جوکویچ کا اِزنر کیساتھ سیمی فائنل مقرر
انڈین ویلز (امریکہ) ، 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سکنڈ سیڈ نواک جوکویچ نے اَن سیڈیڈ فرانسیسی جولین بنیٹو کے مقابل بہ آسانی کامیابی کے ذریعہ انڈین ویلز اے ٹی پی ماسٹرز میں امریکی جان اِزنر کے ساتھ سیمی فائنل مقابلہ مقرر کرلیا ہے۔ کیلیفورنیا کے صحرائی علاقہ میں دو مرتبہ کے چمپئن جوکویچ نے بنیٹو صرف 68 منٹ میں 6-1، 6-3 سے ہرایا۔