سوئز اوپن میںفتح، فیڈررکا رواں سیزن 7 واں خطاب

بسیل۔30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھریلو شائقین کے سامنے ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو 6-7، 6-4، 6-3 سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ سوئس انڈور ٹینس ٹورنمنٹ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔19 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن فیڈرر نے گھریلو شائقین کے سامنے چوتھے سیڈ ڈیل پوٹرو کو دو گھنٹے30 منٹ میں شکست دے دی۔ فیڈرر نے اس جیت کے ساتھ ہی ڈیل پوٹرو سے یہاں 2012 اور2013 کے فائنل میں ہوئی شکست کا حساب بھی برابر کرلیا۔فیڈرر نے اب دنیا کے19 ویں نمبر کے ڈیل پوٹرو کے خلاف اپنا کیریئر ریکارڈ24-18 کرلیا ہے ۔36 سالہ فیڈرر کا اس سال کا یہ ساتواں خطاب ہے جس میں آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن بھی شامل ہے ۔ فیڈرر اس سے قبل شنگھائی میں اپنا دوسرا شنگھائی ماسٹر خطاب جیت چکے ہیں۔سوئس کھلاڑی نے اب تک اپنے کیریئر میں 95 خطاب اپنے نام کئے ہیں اور اب وہ امریکہ کے جیمی کونرس 109 خطابات کے بعد سب سے زیادہ خطابات جیتنے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔36 سالہ فیڈررکو ڈیل پوٹروکو کی ہیٹ ٹرک روکنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔یہاں سینٹ جاکوبشیل ایرینا میں اس دلچسپ مقابلے میں فیڈرر نے فیصلہ کن سٹ میں پہلی گیم گنوانے کے بعدکیریر کا 95 واں خطاب اپنے نام کرلیا۔فیڈرر فی الحال اے ٹی پی درجہ بندی میں نڈال سے 1460 نشانات پیچھے ہیں اور انہوں نے اس سیزن میں مسلسل وقفے پر کئی ٹورنامنٹوں سے نام واپس لیا ہے ۔ یہ تصور کیا جارہا ہے کہ سوئس کھلاڑی کا پیرس سے دستبردار ہونے کا سبب آئندہ ماہ اے ٹی پی فائنل میں پوری فٹنس کے ساتھ واپسی کرنا ہے ۔