آنکھیں قدرت کا انمول تحفہ ہیں، آنکھوں کی خوب حفاظت کریں۔دھوپ، گرد و غبار اور سورج کی شعائیں انسانی آنکھ کے لئے انتہائی نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہیں۔آنکھیں بہت ہی نازک اور حساس ہوتی ہیں اگر دیکھ بھال میں ذرا سی بھی لاپرواہی کی جائے تو سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوپہر میں سورج کی تیز روشنی سے آنکھوں میں تکلیف محسوس ہوتی ہے اور شدید دھوپ سے بینائی پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ دھوپ میں نکلتے وقت سن گلاسز ضرور لگائیں تاکہ آنکھوں کو دھوپ کے اثر سے محفوظ رکھا جاسکے۔ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعیں جب دوسری اشیاء سے منعکس ہوکر آنکھوں پر پڑتی ہیں تو انسانی بصارت پر منفی اثرات ڈالتی ہیں۔سن گلاسز کا استعمال اکثر فیشن کے زمرے میں آتا ہے اور لوگ سن گلاسز کو فیشن کے طور پر استعمال کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ آنکھوں کے ماہرین بھی دھوپ، گردو غبار اور سورج کی شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سن گلاسز کے استعمال کی تجویز کرتے ہیں۔سن گلاسز خریدتے وقت اپنے چہرے کی ساخت کو مدنظر رکھیں۔ اگرچہ سن گلاسز ایک ضرورت ہے لیکن ان کے انتخاب میں تھوڑی سی احتیاط آپ کی شخصیت کو دلکش بناسکتی ہے۔