حیدرآباد ۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل میں بہترین کارکردگی کی بدولت سر فہرست کولکتہ نائٹ رائڈرس اور آہستہ آہستہ اپنی مہم کو آگے بڑھا رہی تیسرے نمبر کی سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیمیں میںکل ایک دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے۔کولکتہ کی ٹیم نے اپنے گزشتہ تینوں مقابلے بڑے ہی شاندار انداز میں جیتے ہیں اور گوتم گمبھیر کی کپتانی میں ٹیم خطابی ہیٹ ٹرک کی جانب گامزن نظر آرہی ہے جو ابھی نو میچوں میں اپنے سات میچ جیت سرفہرست ہے جبکہ حیدرآباد نے نو میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اور جدول میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ ڈیوڈ وارنر کی دفاعی چمپئن ٹیم فی الحال اچھے موقف میں ہے کل اس کی کوشش دو مرتبہ کی چیمپئن کے کے آر کو کامیابی سے روکنا ہوگا۔ حیدرآباد اگر کامیاب ہوتی ہے تو اس کے پاس جدول میں اوپر آنے کا موقع بھی رہے گا کیونکہ بنگلور کے خلاف ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے سے پہلے ہی اسے ایک نشان کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ حیدرآباد نے اپنا پچھلا میچ پنجاب سے جیتا ہے ۔وارنر کی ٹیم کے پاس اپنے پلے آف کے دعوے کو اور پکا کرنے کے لئے بھی یہ اہم ہوگا ۔ ویسے بھی پنجاب کے خلاف اسی کے گھریلو میدان پر حیدرآباد نے جیسی کارکردگی پیش کی ہے اس نے اس کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔ اس میچ میں ٹیم نے کپتان وارنر (51)، شکھر دھون (77) اور کین ولیمسن (ناٹ آوٹ 54) کے تین نصف سنچریوں سے200 کے زیادہ اسکور بنایا تھا۔حیدرآباد کو اعتماد سے بھری ہوئی کے کے آر کے خلاف بھی اسی طرح کی کارکردگی کو دہرانا ہوگا۔کولکتہ کو شکست دینا فی الحال کسی بھی ٹیم کے لیے آسان دکھائی نہیں دے رہا ہے جو اپنی زبردست فارم میں کھیل رہی ہے۔ حیدرآباد کی ہی طرح کے کے آر کے پاس بھی مضبوط بیٹنگ شعبہ ہے جس میں کپتان گمبھیر اور اتھپا کی جوڑی اس وقت سب پر بھاری ہے ۔ گزشتہ میچ میں گمبھیر نے ناٹ آؤٹ71 اور اتھپا نے33 گیندوں میں چار چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر ٹیم کو یکطرفہ جیت دلائی تھی۔گمبھیر نو میچوں میں(376) اور اتھپا (331) بنا کر کے کے آر کے بہترین اسکورر ہیں اور دونوں ہی فی کس چار نصف سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔ حیدرآباد کے لئے یہ دونوں کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوں گے۔دریں اثناء حیدرآباد کے پاس تجربہ کار فاسٹ بولر اشیش نہرا، نوجوان بھونیشور کمار، سدھارتھ کول، مویسس ھینرکس اور راشد خان کے طور پر بہترین بولر بھی ہیں لیکن کے کے آر کے سامنے ان بولروں کو سخت چیلنج رہے گا۔ گزشتہ چند میچوں سے باہر رہنے کے بعد واپسی کر رہے نہرا گزشتہ میچ میں بھی تین وکٹ لے کر کامیاب رہے تھے تو بھونیشور اس وقت حیدرآباد کے سب سے زیادہ کامیاب بولر ہیں جن کے نام آٹھ میچوں میں18 وکٹ ہیں اور راشد 11 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ توازن کی صورت میں کولکتہ کے پاس بھی ناتھن کولٹر نال، امیش یادو، کرس ووکس، سنیل نارائن اور کلدیپ یادو جیسے بولر ہیں۔ کولٹر 11 اور ووکس10 وکٹوں کے ساتھ دونوں ہی سب سے زیادہ کامیاب بولر ہیں ۔