سن رائزرس کا آج حیدرآباد میں پنجاب سے مقابلہ

حیدرآباد 10 مئی ( سیاست نیوز)آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ٹیموں کے جدول میں ابتدائی چار مقامات میں رسائی حاصل کرنے کے بعد سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم کے حوصلے بلند ہونے کے علاوہ وہ ٹورنمنٹ کے اگلے مرحلے پلے آف میں رسائی کیلئے بھی کافی پُر عزم ہے اور اپنے ارادوں کو یقینی بنانے کیلئے کل وہ یہاں اپنے گھریلو میدان راجیو گاندھی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں کنگس الیون پنجاب کے خلاف مقابلہ کرے گی ۔ حیدرآبادی ٹیم آسٹریلیائی جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں گذشتہ چند مقابلوں کے دوران فتوحات حاصل کرتے ہوئے نا قابل تسخیر موقف میں ہے اور وہ کل یہاں ٹیموں کے جدول میں نچلی سطح پر موجود پنجاب کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میں اپنے چوتھے مقام کو مزید مستحکم کرسکتی ہے ۔

سن رائزرس حیدرآبادکی ٹیم کیلئے ٹورنمنٹ کے دوران میڈل آرڈر کے ناقص مظاہرے مسائل میں اضافہ کررہے تھے لیکن گذشتہ مقابلہ میں موسیس ہنریکس نے 40 گیندوں میں 74 رنز اسکور کرنے کے علاوہ انگلش جارحانہ بیٹسمین ایان مورگن کے علاوہ نمن اوجھا نے بھی بہتر مظاہروں کے ذریعہ میڈل آرڈر کے مسائل کو تقریبا ختم کردیا ہے ۔ علاوہ ازیں لیگ اسپنر کرن شرما نے بھی گذشتہ چند مقابلوں میں ٹیم کیلئے بہتر مظاہرے کئے ہیں ۔ دہلی کے خلاف ہنریکس کی نا قابل تسخیر اور تیز رفتار نصف سنچری نے دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے کے علاوہ آئندہ مرحلے پلے آف میں سن رائزرس حیدرآبادکی رسائی کے امکانات کو مستحکم کردیا ہے ۔ ڈیل اسٹین‘ٹرینٹ بولٹ ‘بھونیشور کمار ‘ایشانت شرما اور کرن شرما کی موجودگی میزبان ٹیم کے بولنگ شعبہ کی طاقت ہے جو کل گھریلو میدان پر کھیلے جانے والے دوسرے مقابلے میں دوسری کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں میزبان ٹیم کامیابی کیلئے اس لئے بھی پُر عزم ہے کیونکہ 2 مئی کو ٹورنمنٹ کی طاقتور اور سرفہرست ٹیم چنائی سوپر کنگس کے خلاف میزبان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ دوسری جانب کنگس الیون پنجاب کیلئے حالات کافی مایوس کن ہے اور وہ اب وہ چار نشانات کے ذریعہ ٹیموں کے جدول میں آخر ی مقام پر موجود ہے ۔

گذشتہ برس پنجاب کو فائنل میں شکست ہوئی تھی لیکن اس مرتبہ اس کے مظاہرے انتہائی مایوس کن ہے اور خاص کر آسٹریلیائی اسٹار کھلاڑیوں گلین میکسول اور میچل جانسن نے سب سے زیادہ مایوس کیا ہے ۔ علاوہ ازیں بیاٹنگ شعبہ میں ویرندر سہواگ بھی توقعات کو پورا نہیں کرپائیں ہے ۔ کنگس الیون پنجاب کیلئے ٹورنمنٹ میں چند ایک مقابلے باقی رہ گئے ہیں اور وہ ان مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے اپنے وقار کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوں گے ۔ گذشتہ مقابلے میں میکسول نے بہتر مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے کہ کل یہاں راجیو گاندھی انٹر نیشنل میدان میں سن رائزرس حیدرآبادکیلئے مرلی وجئے ‘منن ووہرا ‘ردھمان سواہا ‘میکسول اور ڈیوڈ ملر مسائل پیدا کرسکتے ہیں۔ کنگس الیون پنجاب کے بولروں کیلئے کامیابی میں اہم رول ادا کرنا اسی وقت آسان ہوسکتا ہے جب وہ حریف کپتان ڈیوڈ وارنر کو جلد آوٹ کرنے کے علاوہ ہنریکس اور مورگن کو کھل کر بیاٹنگ کرنے کا موقع فراہم نہ کریں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تاحال پانچ مقابلے کھیلے جاچکے ہیں جس میں سن رائزرس حیدرآبادکو 3-2 کی سبقت حاصل ہے ۔