سن رائزرس حیدرآباد کی رائل چینلجرس بنگلور کے خلاف جیت

دہلی ڈیر ڈیولس نے گوتم گمبھیر کی کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو شکست دی
حیدرآباد 30 اپریل ( سیاست نیوز ) سن رائزرس حیدرآباد نے آئی پی ایل کے ایک میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کو 15 رنوں سے شکست دیدی ۔ سن رائزرس نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ان فارم بلے باز ڈیوڈ وارنر کے 50 گیندوں میں بنائے گئے 92 رنز اور کین ولیمسن کے 38 گیندوں میں بنائے گئے 50 رن کی بدولت 194 کا اسکور کھڑآ کیا تھا ۔ ہنرکس نے 14 گیندوں میں 31 رن بنائے ۔ شکھر دھون گیارہ رن ہی بناسکے ۔ دوسرے بلے باز دو ہندسی اسکور تک نہیں پہونچ سکے ۔ جواب میں بنگلور کی ٹیم 20 اوورس میں چھ وکٹس کے نقصان پر 179 رن ہی بناسکی اور اسے 15 رنوں سے شکست ہوگئی ۔ لوکیش راہول نے 28 گیندوں میں سب سے زیادہ 51 رن بنائے ۔ اے بی ڈی ولئیرس نے 47 رن دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ سچن بے بی نے 27 اور کیدار جادھو نے 25 رن اسکور کئے ۔ کپتان کوہلی 14 اور پرویز رسول 10 رن پر آوٹ ہوئے ۔ ایک اور میچ میں دہلی ڈیر ڈیولس نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو 27 رنوں سے شکست دیدی ۔ دہلی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 186 رنز بنائے ۔ کے کے نائر نے 68 بلنگس نے 54 اور براتھ ویٹ نے 34 رن جوڑے ۔ جواب میں کولکتہ کی ٹیم 18.3 اوورس میں 159 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ سب سے زیادہ 72 رنز رابن اتھپا نے بنائے ۔