حیدرآباد 26 اپریل ( سیاست نیوز ) آئی پی ایل کے ایک کم اسکورنگ والے میچ میں میزبان سن رائزرس حیدرآباد نے کنگس الیون پنجاب کے خلاف 13 رنوں سے کامیابی حاصل کرلی ۔ حیدرآباد کی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ ایک کم اسکور کا کامیابی سے دفاع کیا ۔ حیدرآباد نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے مقررہ 20 اوورس میں چھ وکٹس کے نقصان پر 132 رنوں کا اسکور بنایا ۔ منیش پانڈے نے نصف سنچری اسکور کی ۔ وہ 51 گیندوں میں 54 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن نے 28 اور یوسف پٹھان نے 21 رن بنائے تھے ۔ ٹیم کا اسکور چھ وکٹس پر 132 رنوں تک ہی پہونچ سکا ۔ تاہم پنجاب کی ٹیم اچھی شروعات کے باوجود اس کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوگئی اور ساری ٹیم 19.2 اوورس میں 119 رن پر ہی آوٹ ہوگئی ۔ کے ایل راہول نے 26 گیندوں میں 32 اور کرس گیل نے 22 گیندوں میں 23 رن بنائے ۔ دوسرے بلے باز خاطر خواہ رن بنانے میں ناکام رہے ۔