سنیل ہندوستان کے دورہ سے دستبردار

نئی دہلی ۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) چمپئنس لیگ ٹوئنٹی20ٹورنمنٹ کے فائنل میں مشکوک بولنگ کے باعث بولنگ ڈالنے سے روک دینے کے بعد ویسٹ انڈیز کے صف اول کے اسپنر سنیل نارائن نے رواں ہفتہ شروع ہونے والے ہندوستان کے دورہ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے ۔ ہندوستان کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز سے دسبرداری کے بعد سنیل نارائن کو یہ موقع دستیاب رہے گا کہ وہ اپنے ایکشن کو درست کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرے ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنیل نارائن وطن واپس لوٹ رہے ہیں جہاں وہ کچھ وقت اپنے خاندان کے ساتھ گذار نے کے بعد بولنگ ایکشن کو درست کرنے کی محنتوں میں مشغول ہوجائیں گے ۔