سنیل نارائن کی ٹیم پریکٹس میں شرکت

کولکتہ ۔ 7 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی کی جانب سے بولنگ ایکشن کلیئرنس ملنے کے بعد کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن نے بھرپور پریکٹس شروع کردی۔ گذشتہ روز انھوں نے نٹس میں تقریباً 40 منٹ تک بولنگ کی۔ خود کے کے آر کے بیٹسمینوں کے لئے نٹس میں ان کا سامنا کرنا مشکل ہو رہا تھا۔ کپتان گوتم گمبھیر نے بھی 45 منٹ تک بیٹنگ پریکٹس کی۔ اس دوران پاکستان کے سابق فاسٹ بولر اور کے کے آر کے بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی بولرز کو مشق کرارہے تھے اور انھیں بولنگ گر بھی سکھارہے تھے ۔ بعد میں انھوں نے ایڈن گارڈنس کی وکٹ کا معائنہ کیا، جلد ہی کپتان گمبھیر اورژاک کیلس بھی ان کے پاس پہنچ گئے اور پچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے لگے۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈین اسپنر نارائن ہندوستان آمد سے پہلے آئی سی سی سے اپنا مشکوک بولنگ ایکشن کلیئر کرا چکے تھے، تاہم ہندوستانی بورڈ کے اصرار پر چینائی میں ان کا دوبارہ ٹسٹ کیا گیا جہاں وہ کامیاب قرار دیئے گئے۔

پی سی آئی نے اپنے صدر کو برطرف کردیا، فوجداری کیس زیرغور
نئی دہلی ۔ 7 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )پیرالمپکس کمیٹی آف انڈیا ( پی سی آئی ) نے اپنے صدر راجیش تومر کو حالیہ نیشنل پیرا اتھلیٹکس چمپین شپ منعقدہ غازی آباد میں بدترین بدانتظامی کی پاداش میں برطرف کردیا، جہاں اتھلیٹس کو مناسب سہولیات کے فقدان کے سبب کافی مصیبت پیش آئی ۔ تومر پر 2014 ء انچیون ایشین پیرا گیمس کے دوران مالی بدانتظامی کے الزامات بھی عائد ہیں۔ تومر کی معطلی کا فیصلہ پی سی آئی کی ایکزیکٹیو کمیٹی میٹنگ نے 4 اپریل کو بنگلورو میں کیا ۔